حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جامعة الزهرا سلام الله علیها قم میں "نصر اللہ کی راہ پر ثابت قدم اور طاقتور" کے عنوان سے تیسری بصیرت افزائی نشست منعقد ہوئی۔ جس میں جامعة الزهرا س کے طلباء، اساتذہ اور اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مؤمنی نے سید حسن نصراللہ اور مقاومتی محور کے شہداء کی حالیہ مظلومانہ شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: ایک یورپی تحقیقی مرکز کی رپورٹ کے مطابق، دنیا اس وقت ایک اہم تاریخی موڑ پر ہے اور صرف چار ممالک اس موڑ کو عبور کر سکتے ہیں۔
حوزہ علمیہ کے استاد نے مزید کہا: اس تحقیق کے مطابق، امریکہ پہلا ملک ہے جو اس موڑ کو عبور کر سکتا ہے، اس کے بعد چین اور روس کا ذکر ہے لیکن چوتھا ملک ایران کو قرار دیا گیا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے کہا: ایران کے پاس دیگر تین ممالک کی طرح مضبوط معیشت، نیوکلیئر ہتھیار اور ایٹمی صلاحیت بھی نہیں ہے پھر بھی دشمن ہمیں دنیا کے چار طاقتور ممالک میں شمار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا: پچھلے پچاس سالوں سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ دشمنی میں کوئی کمی نہیں چھوڑتا چونکہ سب سے زیادہ پست اور جنایت آمیز اقدامات امریکہ نے انجام دیے ہیں، اس لیے امریکہ پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔
حوزہ علمیہ کے اس استاد نے مزید کہا: الحمد للہ ہمارے پاس ولایت فقیہ موجود ہے جس کی ہمیں قدر کی جانی چاہیے۔ رہبر معظم انقلاب مدظلہ العالی کی سوانح حیات ملاحظہ فرمائیں، ان کے خطابات دیکھیں اور ان کے بیان شدہ قیمتی نکات سے استفادہ کریں۔